کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات چوہدری شبیر نے کہا ہے کہ حکومت صوبے میں گڈگورنس ، انفراسٹرکچر کی بہتری اور عوامی مفاد میں مبنی جامع ترقی کو یقینی بنانے کے لیے نہ صرف جعفر خان مندوخیل ، جام کمال خان اور ایسے دیگر سینئر مسلم لیگی قیادت کی سوچ و ترقی پسندانہ ویژن کو مشعل راہ بنائے ، بلوچستان کی پسماندگی دور ، درپیش معاشی مسائل کے حل و سماجی حالات کو بہتر بنانے کے لیےفنانس کمیشن سے صوبے کے لیے 25 حصہ کا بھرپور مطالبہ کرے ۔ انہوں نے یہ بات ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ انفراسٹرکچر کی بہتری اور تیز رفتار معاشی ترقی کے لیے حکومت کےلئے مخلص اور مدبر سیاست دانوں سمیت سینئر بیوروکریٹس پر مشتمل بااختیار تھنک ٹینک کی تشکیل ناگزیر ہے جس کی تجاویز کی روشنی میں قابل عمل ایکشن پلان تشکیل دے کر بلوچستان کو عوامی مفاد پر مبنی ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ممکن ہوسکے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کی ترقی کے لیے شاہرگ کی حیثیت رکھتا ہے اس کی ترقی و خوشحالی کے لیے پوری قوم کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا ۔