کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ کی رہائشی نبیلہ حیدر نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انویسٹمنٹ کے نام پرلوگوں سے فراڈ کرنے والی کمپنی مالک جس کے خلاف مقدمہ درج ہوچکا ہے کو گرفتار کرکے متاثرین کے پیسے واپس دلاکر انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں ، یہ بات انہوں نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر کمپنی کے دیگر متاثرین بھی موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اسکائی کنگ کمپنی کے متاثرین کی دار رسی کی جائے ، مذکورہ کمپنی کے متاثرین کے 16 کروڑ روپے ڈوب گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایک غیر متعلقہ شخص جس کی کمپنی میں کوئی انوسٹمنٹ بھی نہیں معاملات میں بلاجواز مداخلت کر اور کیس کا رخ موڑنے کی کوشش کررہا ہےاس شخص کے خلاف بھی مقدمہ درج کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اسکائی کنگ کمپنی کے مالک نثار بلوچ کی جانب سے انویسٹرز کے ساتھ کئے گئے فراڈ پر ان کے اور ان کے بھائی ، بیٹوں اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج ہوچکا ہے تین ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے ایف آئی اے میں بھی کیس چل رہا ہے ، پولیس اور ایف آئی اے موثر اقدامات اٹھارہے ہیں جن لوگوں نے مذکورہ کمپنی میں پیسہ لگایا تھا وہ اپنی فائلیں تفتیشی افسر کے پاس جمع کرارہے ہیں ۔