لاہور(نمائندہ خصوصی)قائم مقام امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ انتظامی یونٹس ضروری مگر نئے صوبوں کی بحث تعصبات اور لسانی تفریق پیدا کریگی۔معاملہ پنجاب کی تقسیم سے بڑھ کرسندھ،خیبر پختونخوا اور بلوچستان تک جائے گا جو قومی یکجہتی اور فیڈریشن کیلئے نئے خطرات پیدا کریگا۔اسٹیبلشمنٹ کی بار بار کی مداخلت نے سیاسی و جمہوری نظام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر حلقہ لاہور کے امیر ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ اور ناظم تربیت حافظ سیف الرحمن بھی موجود تھے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ بنگلادیش اور پاکستان کے تعلقات میں گرم جوشی سے دونوں ملکوں کے عوام میں خوشی اور اطمینان کی لہر دوڑ گئی ہے۔ان تعلقات کی آبیاری میں حکومتوں سے زیادہ جماعت اسلامی بنگلہ دیش کا کردار ہے، جس کے قائدین نے پھانسیوں کو گلے لگاکر نظریے کو زندہ رکھا ۔