ملتان، وہاڑی (نمائندہ جنگ، سٹاف رپورٹر ) پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ملاوٹ اور جعل سازی کے خلاف کریک ڈاؤن، ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ زبیر احمد اعجاز کی زیر نگرانی وہاڑی کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں، مصالحہ چکی، کھویا یونٹس، دودھ بردار گاڑیاں اور سپر سٹورز کی چیکنگ کی گئی۔کارروائی کے دوران 170 کلو غیر معیاری مصالحہ جات، 85 لٹر ملاوٹی دودھ‘ 80کلو ملاوٹی کھویا اور80کلو زائدالمیعاد اشیاء تلف کر دی گئیں۔ حفظان صحت کی سنگین خلاف ورزیوں پر 4 فوڈ پوائنٹس کو 1 لاکھ 57 ہزار روپے کے جرمانے بھی کیے گئے۔ مصالحہ جات کی تیاری میں ایکسپائری اور حشرات زدہ اجزاکے استعمال پر گرائنڈنگ یونٹ کو ایک لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔ لڈن میں واقع کھویا یونٹ کو سٹارچ کی ملاوٹ پر 40 ہزار روپے جرمانہ جبکہ ملاوٹی دودھ پر ایک ملک شاپ کو بھی بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔