• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان کے اہم چوراہوں اور داخلی و خارجی راستوں پر کیمروں کی تنصیب مکمل

ملتان (سٹاف رپورٹر)ریجنل پولیس آفیسر ملتان کیپٹن (ر) محمد سہیل نے آج سیف سٹی پروجیکٹ کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور جاری کام کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے منصوبے پر اب تک کی پیش رفت کو تسلی بخش قرار دیا اور اطمینان کا اظہار کیا کہ منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ تقریباً 95 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اگلے دس دنوں میں بقایا 5 فیصد کام بھی مکمل کر لیا جائیگا۔ آر پی او ملتان کا کہنا تھا کہ سیف سٹی پروجیکٹ، شہری سیکیورٹی کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کے اہم چوراہوں اور داخلی و خارجی راستوں پر 350 جدید سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب مکمل کر لی گئی ہے، جس سے جرائم کی بروقت نشاندہی، ٹریسنگ اور تفتیش میں خاطر خواہ بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف جرائم کی شرح میں کمی آئے گی بلکہ شہریوں کو تحفظ کا عملی احساس بھی حاصل ہو گا۔ سیف سٹی پروجیکٹ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ، امن عامہ کے قیام اور بروقت ردعمل کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔آر پی او نے اس موقع پر متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے اور اس کے تمام پہلوؤں پر مؤثر مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو جلد از جلد اس منصوبے کے ثمرات حاصل ہو سکیں۔
ملتان سے مزید