• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیلاب کا خطرہ، بھارت کا 24 گھنٹوں میں دوسرا سفارتی رابطہ، نئی دہلی سندھ طاس معاہدے کی تمام شقوں پر عملدرآمد کا پابند ہے، پاکستان

اسلام آباد(نیوزرپورٹر/ٹی وی رپورٹ)انڈیا نے چوبیس گھنٹوں میں پاکستان سے دوسرا سفارتی رابطہ کر کے دریائے ستلج میں سیلاب کی پیشگی اطلاع دی۔ سفارتی ذرائع کے مطابق بھارتی ہائی کمیشن اسلام آباد نے وزارت خارجہ سے رابطہ کرکے دریائے ستلج میں سیلاب سے متعلق معلومات دیں۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ بھارت کی طرف سے ماضی میں بھی سیلابی پانی کی تفصیلات دی جاتی رہی ہیں۔ ادھر ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ بھارت نے سیلاب سے متعلق انتباہ سندھ طاس کمیشن کی بجائے سفارتی ذرائع کے ذریعے پاکستان کو پہنچایا‘بھارت پر لازم ہے کہ وہ سندھ طاس معاہدے کی تمام شقوں پر مکمل طور پر عملدرآمد کرے‘معاہدے کو معطل رکھنے کا یکطرفہ بھارتی اعلان نہ صرف بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ یہ اقدام جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے بھی سنگین منفی نتائج کا حامل ہو سکتا ہے۔ پیر کو ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ بھارت نے سیلاب سے متعلق انتباہ سفارتی ذرائع کے ذریعے پاکستان کو پہنچایا حالانکہ یہ معلومات سندھ طاس معاہدے کے تحت سندھ طاس کمیشن کے ذریعے فراہم کی جانی لازمی ہیں۔


اہم خبریں سے مزید