لاڑکانہ( بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور پیپلز پارٹی وومن ونگ سندھ کی صدر فریال تالپور کے ہمراہ پیر کو گوٹھ راہوجا کا دورہ کیا۔ بلاول بھٹو نے نو تعمیر شدہ مکانوں کا دورہ بھی کیا اور سیلاب زدگان کے گھروں کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد گوٹھ کی خواتین میں مالکانہ حقوق کی سندیں تقسیم کیں۔ دورے کے موقع پر کمسن طالبعلم سے دلچسپ مکالمہ ہوا۔ بلاول بھٹو نے طالبعلم حمزہ علی سے سوال کیا کہ آپ بڑے ہوکر کیا بننا چاہتے ہیں، جس پر بچے نے جواب دیا میں بڑے ہوکر پائلٹ بننا چاہتا ہوں۔بلاول بھٹو نے کہا شاباش آپ پائلٹ بن کربھارتی جہاز گرانا ۔ دورے کے موقع پر سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن (سرسو)کے حکام نے بلاول بھٹو زرداری کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایک لاکھ بیس ہزار مکانات میں سے نوے ہزار مکانات کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے جبکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحقین میں سولر پلیٹیں، پنکھے، انورٹر اور دیگر اشیأ کی تقسیم بھی جاری ہے۔