اسلام آباد( نیو زرپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی برآمدات میں صنعت مرکزی حیثیت رکھتی ہے،صنعتوں کی ترقی کے ذریعے برآمدات پر مبنی معیشت، ملکی صنعتوں کو عالمی معیار کے مطابق افرادی قوت اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنا ہماری اولین ترجیح ہے،صنعتی پیداوار میں اضافے اور صنعتوں کو درپیش مسائل کے پائیدار حل کے لیے حکومت ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے، قومی صنعتی پالیسی کے حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے ۔وزیر اعظم نے ان خیا لات کا اظہار گزشتہ روزاپنی زیر صدارت قومی صنعتی پالیسی کے حوالے سے بلائے گئے اہم اجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس کو قومی صنعتی پالیسی کے حوالے سے تجاویز پر بریفنگ دی گئی ۔ شہباز شریف کی سیکڑوں جانیں بچانے والے گلگت بلتستان سے کے چرواہوں سے ملاقات، 25 ،25لاکھ روپے کے چیک د ئیے، وزیرِ اعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے علاقے غذر میں گلوف کی پیشگی اطلاع دے کر سیکڑوں جانیں بچانے والے گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے چرواہوں سے وزیرِ اعظم ہاؤس میں ملاقات کی ۔وزیرِ اعظم نے وصیت خان، انصار اور محمد خان کے 300 شہریوں کو بچانے کے احسن اقدام کی پزیرائی کی، انہوں نے تینوں کو حکومت پاکستان کی جانب سے 25 لاکھ روپے کے علیحدہ علیحدہ انعامی چیکس بھی پیش کئے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آپ تینوں گلگت بلتستان کے ہیروز ہیں۔آپ کے اس بروقت اقدام کی بدولت مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم کو آپ پر فخر ہے،آپ کی پیشگی اطلاع کی بدولت سے علاقے کو بروقت خالی کروا کر سینکڑوں انسانوں کی جانیں بچائی گئیں، انسانی خدمت کا آپ کا یہ اقدام ہمیشہ سنہری الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔وصیت خان، انصار اور محمد خان نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے وہ انسانی جانیں بچانے میں کامیاب ہوئے جس پر وہ اللہ کے شکر گزار ہیں۔