• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جلالپور پیر والہ، سیلاب کے سبب فصلوں ، بستیوں کو ہونے والے نقصانات میں اضافہ

ملتان ،جلال پور پیر والہ (سٹاف رپورٹر، نامہ نگار) تحصیل جلال پور میں دریائے چناب اور ستلج میں سیلاب کے سبب فصلوں کے نقصانات کا سلسلہ بڑھتا جا رہا ہے، سیلاب سے کپاس، مکئی اور تل کی فصلیں برباد ہو گئی ہیں، موضع شہنی اور نواحی علاقوں میں درجنوں بستیوں کو سیلاب نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور بستی حضور بخش ڈڈہ کے سرکاری سکول سمیت کئی مکانات کے چاروں طرف سیلابی پانی جمع ہو گیا ہے، موضع شجاعت پور میں بھی دریائی پانی زوروں پر ہے ، موضع نوراجہ بھٹہ میں حفاظتی بند ٹوٹنے کا شدید خطرہ ہے، سرکاری انتظامیہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے میں معاونت کر رہی ہے، تحصیل بھر میں 4 فلڈ ریلیف کیمپ بھی قائم کر دئیے گئے ہیں، جہاں محکمہ صحت، لائیو سٹاک، محکمہ مال، سول ڈیفنس اور ریسکیو کا عملہ موجود ہے، منگل کے روز ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے ممبر صوبائی اسمبلی ملک لعل محمد جوئیہ اور اسسٹنٹ کمشنر ذوالفقار علی خان کے ہمراہ نوراجہ بھٹہ، کوٹلہ چاکر اور بیٹو واہی کا دورہ کیا جہاں مقامی انتظامیہ نے سیلاب کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی، ڈپٹی کمشنر نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری انتظامیہ سیلاب سے ہونے والے متوقع نقصانات میں کمی کے لیے متحرک ہے، فلڈ ریلیف کیمپس سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے چند کلومیٹر دوربنائے جانے کے حوالے سے سامنے آنے والی شکایات بارے کہا کہ سیلابی پانی میں اضافے کا سلسلہ جاری ہونے کے سبب کیمپس ایسے مقامات پر بنائے گئے ہیں جہاں سے انہیں دوبارہ کسی مقام پر منتقل نہ کرنا پڑے۔
ملتان سے مزید