اسلام آباد (ٹی وی رپورٹ/ایجنسیاں) تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ عمران خان نے میرا استعفیٰ منظور نہیں کیا ، ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کے حوالے سے سیاسی کمیٹی فیصلہ کریگی ‘چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہرکا کہنا ہےکہ دوریاں ختم ہونی چاہئیں‘ مفاہمت کاحامی ہوں ‘ناجائز سزاؤں‘ نااہلیوںاور گرفتاریوں سے رنجشیں بڑھیں گی‘عمران خان کی ہدایات اگر انتخابات میں حصہ نہ لینے کی ہیں تو بانی کی بات ہی حتمی ہوگی جبکہ جیونیوزکے پروگرام کیپٹل ٹاک میں وزیراعظم کے مشیربرائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ نے بیرسٹر گوہر خان کی مفاہمت اور دوریاں ختم کرنے کی بات پر کہا ہے کہ آئیں بیٹھیں اور ملکی مسائل کے حل کی بات کریں‘تحریک انصاف کے بیرسٹر عمیر نیازی نے بیرسٹر گوہر خان کی بات سے اتفاق نہ کرتے ہوئے کہا کہ بیرسٹر گوہر خان مثبت سوچ والے ہیں مگر انکا بیان بانی پی ٹی آئی کی عکاسی نہیں کرسکا‘جو باتیں اڈیالہ جیل سے آئی ہیں انکے مطابق معاملات کسی اور طرف جارہے ہیں، تحریک انصاف قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی بھی ہوسکتی ہے کیونکہ ہمارے اراکین کو اسمبلیوں میں بیٹھنے نہیں دیا جارہا، اس پر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اگر قائمہ کمیٹیوں سے استعفے دینے ہیں تو خیبر پختونخوا کی حکومت بھی چھوڑ دیں‘ اس مرتبہ اگر تحریک انصاف نے استعفے دیئے یہ انکی سیاسی موت ہوگی‘اگر یہ اسمبلیوں سے مستعفی ہونگے تو تحریک انصاف کی خالی سیٹوں پر ضمنی انتخاب کروادیئے جائیں گے۔ ادھر اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ میرے استعفیٰ پر عمران خان نہیں مانے اور انہوں نے استعفیٰ منظور نہیں کیا۔انہوںنے کہاکہ ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کے حوالے سے سیاسی کمیٹی شام کو میٹنگ کرے گی جس پر صحافی نے سوال کیاکہ کیاعمران خان نے الیکشن نہ لڑنے کا کہا ہے؟سلمان اکرم راجا نے جواب دیا کہ میں نے ایسا ہرگز نہیں کہا۔