کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائیکورٹ نے ڈاکٹر عارف علوی، صاحبزادے اواب علوی اور دیگر کو حراست میں نہ لینے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے بنک اکاونٹس منجمد ہونے کیخلاف عارف علوی کو فیملی سمیت نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت کردی۔ جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں دو رکنی آئینی بینچ کے روبرو سابق صدر اور انکی پوری فیملی کے بنک اکاونٹس منجمد کرنے کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ نیشنل سائبر کرائم ایجنسی درخواست گزار کیخلاف توہینِ مذہب کے الزامات پر تحقیقات کررہا ہے۔ نوٹس کے باوجود درخواست گزار تحقیقات کیلئے پیش نہیں ہوئے۔ درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر علی طاہر نے کہا نیشنل سائبر کرائم ایجنسی کو کسی کے بنک اکاؤنٹس بلاک کرنے کا اختیار ہی نہیں ہے۔اسسٹنٹ اٹارنی جنرل پاکستان نے کہا کہ کچھ لوگ وائرل ہونے کیلئے اور کچھ مزید مقاصد کیلئے متنازعہ پوسٹ کرتے ہیں۔ بیرسٹر علی طاہر نے کہا کہ سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کوئی توہین مذہب نہیں کی۔ سابق صدر کی بہو اور خاندان کے دیگر افراد کے بنک اکاونٹس بھی بلاک کردئیے گئے ہیں۔