کراچی ( اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے اپوزیشن لیڈر کے ایم سی و نائب امیر کراچی سیف الدین ایڈوکیٹ کے ہمراہ ا منگل کوادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ کراچی کے ساڑھے3کروڑ عوام کے جائز و قانونی حقوق کے حصول کے لیے اتوار 31اگست کوکراچی پریس کلب تا وزیر اعلی ہاؤس ”حقوق کراچی مارچ“ ہوگا۔منعم ظفر خان نے طلباء،ڈاکٹر،اساتذہ، علمائے کرام، انجینئر،صنعتکاروں،مزدور وتاجر وں سمیت تمام اہل کراچی سے اپیل کی ہے کہ مارچ میں بھرپور شرکت کریں، جماعت اسلامی عوامی مزاحمت و جدوجہد جاری،اہل کراچی کا مقدمہ لڑتی رہے گی اور حقوق دلاکر رہے گی۔ وفاق کراچی کو ہنگامی طور 500ارب روپے اور صوبائی حکومت ہر ٹاؤن کو2 ارب روپے ترقیاتی فنڈ ز،واٹر کارپوریشن اور سالڈ ویسٹ کے اختیارات ٹاؤن کو منتقل کیے جائیں،کراچی کی ٹرانسپورٹ کے لیے 10 ہزار بسیں دی جائیں۔26اگست جماعت اسلامی کا یوم تاسیس ہے، جماعت اسلامی کے قیام کا مقصد دین کو غالب کرنا ہے، جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے جو انسانوں کو انسانوں کی غلامی سے نکال کر اللہ تعالیٰ کی غلامی میں لانے اور رب سے جوڑنے کی تحریک ہے۔انہوں نے کہا کہ عباسی شہید اسپتال کے ڈاکٹروں اور ہاؤس آفیسرز کو چار ماہ سے تنخواہیں نہیں ملیں، نوجوان ڈاکٹرز احتجاج پر مجبور ہیں۔ قابض میئر تنخواہوں اور واجبات کی ادا ئیگی فی الفور یقینی بنائیں۔منعم ظفر خان نے فلسطین کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکی سرپرستی میں اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی جاری ہے۔ غزہ میں گزشتہ 23 ماہ میں 64 ہزار سے زائد افراد شہید ہوچکے ہیں جبکہ اب تک 250 سے زائد صحافی اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ اقوام متحدہ، او آئی سی اور عرب لیگ سمیت مسلم دنیا کے حکمران اپنا کوئی کردار ادا کرنے میں ناکام ہیں۔منعم ظفر خان نے مزید کہاکہ ملک کے معاشی حب میں عوام اور صنعتوں کو بنیادی سہولیات تک میسر نہیں۔