کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سپریم کورٹ نے جمشید کوارٹر کے قریب 1400گز کے بنگلے پر قبضے سے متعلق ملزمان کے خلاف مقدمے کے اندراج کی درخواست کو نمٹادیا،سپریم کورٹ نے درخواست گزار کو ہدایت کی کہ وہ اندراج مقدمہ کے سلسلہ میں براہ راست مجسٹریٹ سے رجوع کریں ۔ جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عرفان سعادت خان پر مشتمل بینچ کے روبرو جمشید کوارٹر کے قریب 1400 گز کے بنگلے پر قبضے سے متعلق ملزمان کے خلاف مقدمے کے اندراج کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ جسٹس عرفان سعادت خان نے ریمارکس دیئے کہ آپ کی اپیل کی مدت گزر چکی ہے۔ آپ نے تاخیر کی وجہ بتائی ہے کہ مافیا آپ کے پیچھے لگی ہے۔ درخواست گزار خاتون مریم رحمان نے کہا کہ بلڈر مافیا اطراف کے بنگلوں تو توڑ کر کثیر المنزلہ عمارت بنا رہے ہیں۔ گھر بیچنے سے انکار پر بلڈر مافیا نے دھمکیاں دی۔