کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق پولیس اہلکار سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے ،تفصیلات کے مطابق ناگن چورنگی پل پرموٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے موٹر سائیکل سوار 40سالہ فضل الرحمنٰ ولد عمر خطاب کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے،ایس ایچ او تھانہ گبول ٹاؤن طارق کامران نے بتایا ہےکہ مقتول کا آبائی تعلق صوبہ خیبر پختونخواہ کےہزارہ ڈویژن سے کراچی میں بلال کالونی7C کارہائشی، سیکیورٹی کمپنی میں ملازمت کرتا تھا، موٹر سائیکل سوار ملزمان نے پیچھے سے سر پر ایک گولی ماری جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا ،بظاہر قتل کی وجہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتی ہے کورنگی ڈیڑھ نمبر سیکٹر 48Aسلور ٹاؤن میں واقع مکان میں جھگڑے کے دوران تیز دھار آلہ کے وار سے42سالہ خورشیدہ زوجہ اللہ اوماری جاں بحق اور 45سالہ محمد علی ولد دین محمد زخمی ہوگیا ،پولیس نے بتایا کہ مقتولہ خورشیدہ اور اسکے خاوند اللہ اوماری کے مابین اکثر لڑائی جھگڑا رہتا تھا بدھ کو اللہ اوماری اپنی بیوی کو قتل کرتے ہوئے فرار ہورہا تھا کہ گلی میں مقتولہ کے بھائی نے اسے پکڑنے کی کوشش کی تو ملزم نے اس پر بھی حملہ کرکے زخمی کردیا،پولیس نے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا ، ،علاوہ ازیں کورنگی اللہ والا ٹاؤن میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پرمسلح ڈاکوؤں کی فائرنگ سے بزرگ خاتون گلناز ٹانگ پرگولی لگنےسے زخمی ہوگئی ،منگھوپیر تھانے کی حدود محمد خان کالونی میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر مسلح ملزمان نے پستول کا بٹ مار کر19سالہ محمد آصف ولد محمد سلیم کوزخمی کردیا ،، دریں اثنا ڈیفنس فیز Iڈینٹل کالج کے قریب موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کرکے پولیس کانسٹیبل ثاقب حسین کو زخمی کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے،پولیس نے بتایا ہےکہ نامعلوم دہشت گردوں کی جانب سے پولیس اہلکار کو نشانہ بنایا گیا ،زخمی کانسٹیبل کو جسم پر 5 گولیاں لگیں ہیں ۔