• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہائیکورٹ، افسران کو خوف خدا نہیں، شہری کی مسمار دیوار دوبارہ تعمیر کرنے کا حکم

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے نجی پراپرٹی کی چہار دیواری مسمار کرنے سے متعلق کے ڈی اے اور ایس بی سی اے افسران کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر 15 دن میں دیوار بنانے کی ہدایت کردی، جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو بینچ کے روبرو سرجانی ٹاؤن میں نجی پراپرٹی کی چہار دیواری مسمار کرنے سے متعلق کے ڈی اے اور ایس بی سی اے افسران کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی، توہین عدالت کے مرتکب افسران عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے کے ڈی اے اور ایس بی سی اے افسران پر اظہار برہمی کیا، جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کہ افسران کو خوف خدا نہیں ہے، یہ سمجھتے ہیں کسی کو جوابدہ نہیں ہیں، بغیر کسی خلاف ورزی کے کسی کی دیوار کیسے توڑ سکتے ہیں؟ ڈائریکٹر ایس بی سی اے عامر کمال جعفری نے کہا کہ مجھ سے پہلے والے افسر نے درخواست گزار کو نوٹس دیا تھا، عدالت نے استفسار کیا کہ اگر کوئی افسر کسی کو غلط نوٹس دے گا تو دوسرا افسر خلاف قانون دیوار توڑ دے گا؟ شہری کی مسمار شدہ دیوار دوبارہ تعمیر کرکے دیں ورنہ جیل جانے کے لیے تیار ہوں، عدالت نے ڈائریکٹر ایس بی سی اے عامر کمال جعفری کو گرفتار کرنے کے لیے پولیس بلا لی اور ریمارکس دیئے کہ توہین عدالت کے مرتکب ایس بی سی اے افسر کو گرفتار کرکے جیل بھیجا جائے، ڈائریکٹر ایس بی سی اے نےعدالت سے معافی مانگ لی اور عدالت کو یقین دہانی کرائی ہم شہری کی مسمار شدہ دیوار کو بنا کردیں گے، عدالت نے ہدایت کی 15 دن میں شہری کو دیوار بنا کردو ورنہ جیل جانے کے لیے تیار ہو جاؤ۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید