کراچی ( اسٹاف رپورٹر )جماعت اسلامی کے تحت کراچی کے ساڑھے3 کروڑ عوام کے جائز اور قانونی حقوق کے حصول و مسائل کے حل کے لیے اور وفاقی و صوبائی حکومتوں و قابض میئر کی نا اہلی و بد انتظامی کے خلاف اتوار 31اگست کو 3بجے دن کراچی پریس کلب تا وزیر اعلیٰ ہاؤ س ہونے والے ”حقوق کراچی مارچ“ کی تیاریوں کا آغاز ہو گیا ہے، امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی صدارت میں مارچ کی تیاریوں و انتظامات کے سلسلے میں ذمہ داران کا ایک اجلاس ہوا، اجلاس میں اہم فیصلے اور اقدامات کیے گئے اور مختلف کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئیں، اور زور دیا گیا کہ ”حقوق کراچی مارچ“ کے سلسلے میں شہریوں سے بڑے پیمانے پر رابطے اور عوام کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنایا جائے، اجلاس میں طے کیا گیا کہ جمعہ 29اگست اور ہفتہ 30اگست کو شہر بھر میں بڑے پیمانے پر فلوٹ چلائے جائیں گے جبکہ ہفتہ کو شہر کی بڑی شاہراہوں، چورنگیوں اور اہم پبلک مقامات پر کیمپ بھی لگائے جائیں گے ”حقوق کراچی مارچ“ میں شرکت کے لیے اضلاع کی سطح پر ریلیوں کی شکل میں شرکاء کراچی پریس کلب پہنچیں گے اور امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی زیر قیادت وزیر اعلیٰ ہاؤس کی جانب مارچ کیا جائے گا۔