پشاور(جنگ نیوز)سیکرٹری ورکرز ویلفیئر بورڈ خیبر پختونخوا شیر عالم خان نے پشاور میں واقع لیبر کالونی نمبر 200، 300 اور لیبر کالونی نمبر 224 کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن سیف اللہ ظفر اور ڈپٹی ڈائریکٹر محمد شعیب بھی ان کے ہمراہ تھے دورے کے دوران متعلقہ افسران نے سیکرٹری کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ تینوں کالونیوں سے مجموعی طور پر پانچ لاکھ روپے کی ریکوری کی جا چکی ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری نے ریکوری کے عمل اور مالیاتی امور کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ عملے کو مزید موثر حکمت عملی اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی سیکرٹری نے اس بات پر زور دیا کہ ریکوری کے تمام مراحل میں شفافیت، بروقت اقدامات اور درست ریکارڈ کی تیاری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ مزدوروں اور ان کے اہل خانہ کے حقوق کا بہتر طور پر تحفظ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ کا بنیادی مقصد محنت کش طبقے اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود ہے، جس کے لیے ادارہ بھرپور اقدامات اٹھا رہا ہے سیکرٹری نے ریکوری عمل میں مصروف افسران اور عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہی کوششوں کی بدولت ورکرز ویلفیئر بورڈ کی مالیاتی پوزیشن مزید مستحکم ہو رہی ہے، جو کہ مستقبل میں فلاحی منصوبوں کے لیے معاون ثابت ہوگی۔