کراچی (نیوز ڈیسک) غزہ پر اسرائیلی حملوں میں شدت ، 75فلسطینی شہید، بھوک سےمزید 10 جاں بحق ہوگئے۔شہریوں کو چھوٹے سےعلاقے میں گھیرا اور ٹھونسا جا رہاہے، اسرائیلی ٹینک اور جہاز پورے کے پورے بلاک مسمار کر رہے ہیں۔ 95 فیصد آبادی خوراک سے محروم، قابض افواج انڈے، مچھلی گوشت، پھل، سبزیاں، دودھ ودیگر اشیاداخل ہونے نہیں دے رہی۔ اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے غزہ تباہی میں مزید ڈوبتا جا رہا ہے، مغربی کنارہ بے مثال بحران کا شکار ہے۔ اسرائیلی جارحیت اور محاصرے کے باعث غزہ میں انسانی المیہ بدترین سطح پر پہنچ گیا ہے، جہاں گزشتہ 24گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں اور بھوک کے باعث درجنوں فلسطینی شہید ہوئے۔ غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق صرف ایک دن میں اسرائیلی حملوں میں کم از کم 75 فلسطینی شہید اور 268 زخمی ہوئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ گزشتہ حملوں کے ملبے سے مزید لاشیں بھی نکالی گئی ہیں۔ مجموعی طور پر اسرائیل کی غزہ پر جنگ میں اب تک شہید ہونے والوں کی تعداد 62,895 اور زخمیوں کی تعداد 158,927ہو چکی ہے۔