اسلام آباد (رپورٹ حنیف خالد) ایتھوپین ایئر فورس کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل یلما میرڈاسا نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں چیف آف ایئر اسٹاف پاکستان ایئر فورس ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی، جہاں دونوں معزز شخصیات نے پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا اور دونوں فضائی افواج کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ آمد پر لیفٹیننٹ جنرل یلما میرڈاسا کو پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ملاقات کے دوران ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے مشترکہ تربیتی پروگرامز کے ذریعے دفاعی تعاون بڑھانے کے عزم کو دہرایا اور ایتھوپین ایئر فورس کو ہر ممکن پیشہ ورانہ تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔