کراچی (اسٹاف رپورٹر )ماہنامہ کرن اور عمران ڈائجسٹ کے چیف ایڈیٹر عامر محمود انتقال کرگئے ان کی نماز جنازہ آج جمعرات کو بعد نماز ظہر 1بجکر 15منٹ پر قرآن اکیڈمی ڈی ایچ اے فیز 6میں ادا کی جائے گی جبکہ تدفیق فیز 8کے قبرستان میں ہوگی ۔ ان کے انتقال پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور دیگر اہم شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا ہے جبکہ آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کے صدر سرمد علی اور سیکرٹری جنرل محمد اطہر قاضی نے اے پی این ایس کے عہدیداران اور ایگزیکٹو کمیٹی کی جانب سے عامر محمود کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔مرحوم نے اخباری صنعت کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا اور اخباری صنعت میں انکی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا ۔ اے پی این ایس نے مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا کی ہے کہ خدا انہیں جوار رحمت میںجگہ عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو اس سانحہ پر صبرجمیل عطا فرمائے۔علاوہ ازیں آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی نے میسرز میٹرو میڈیا ایڈورٹائزنگ کراچی کے پروپرائیٹر سید روشن علی کے انتقال پر ملال پر بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔مرحوم اشتہاری صنعت کے ممتاز ماہرین میں شامل تھے جنہوں نے پاکستان کی اشتہاری صنعت کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔ عامر محمود کی عمر قریباً 65سال تھی۔ ان کے قریبی ذرائع کے مطابق وہ منگل کی شب سونے تک بالکل صحت مند اور نارمل دکھائی دیتے تھے، تاہم بدھ کی دوپہر قریباً ساڑھے 12بجے جب وہ سوکر اٹھے اور باتھ روم سے لوٹے تو انہیں معمولی سے چکر آئے اور آناً فاناً ان روح اپنے خالق حقیقی سے جاملی۔مرحوم کا تعلق کرن ڈائجسٹ اور خواتین ڈائجسٹ گروپ سے تھا، کسی زمانے میں انہوں نے کرکٹ میگ کے نام سے کھیلوں کا رسالہ بھی نکالا تھا، جب کہ وہ خود بھی ایک بہترین کرکٹر تھے اور میڈیم فاسٹ بولنگ کیا کرتے تھے۔ان کا تعلق ایک بڑے علمی وادبی گھرانے سے تھا، ان کے والد محمود ریاض، چچا ابن انشاءاور بھائی محمود بابر فیصل بھی نام ور مصنف اور شاعر تھے، جو بچوں کے ادب سے لے کر علمی و ادبی مضامین اور کہانیاں لکھا کرتے تھے۔مرحوم نے سوگواروں میں بیوہ کے ساتھ ساتھ 2بیٹوں اور ایک بیٹی کو سوگوار چھوڑا ہے۔ عامر محمود مرحوم کی نماز جنازہ جمعرات کو بعد نماز ظہر (1:15) بجے قرآن اکیڈمی نزد سٹی اسکول، ڈی ایچ اے، فیز 6 میں ادا کی جائے گی، جب کہ تدفین فیز 8 کے قبرستان میں ہوگی۔