کراچی (اسٹاف رپورٹر)نیشنل ہائی وے جوگی موڑکے قریب بجری سے لدے ٹرک نے موٹر سائیکل سوار 18 سالہ مبشر ولد فاروق کو کچل دیا جس کے نتیجے میں نوجوان موقع پر جاں بحق ہو گیا ، متوفی شاہ لطیف ٹاؤں کا رہائشی تھا ، بیکری پر کام کیلئے جا رہا تھا،پولیس کے مطابق حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور موقع پر سے فرار ہو گیا ،ٹرک کو قبضے میں لیا ہے ، سپر ہائی وے کمانڈر سٹی کے قریب ٹریفک حادثے میں 35 سالہ علیم جاں بحق ہو گیا ، پولیس کے مطابق حادثہ ٹر یلراورلوڈنگ مزدا ٹرک کے درمیان تصادم کے باعث نوری آباد تھانے کی حدود میں پیش آیا،کیماڑی مسان چوک پر ٹرین کی زد میں آکر ایک شخص جاں بحق ہو گیا لاش سول اسپتال منتقل کی گئی ، فوری طور پر متوفی کی شناخت ممکن نہیں ہوسکی ، علاوہ ازیں بلدیہ نمبر3 گجرات کالونی میں گھرسے 60 سالہ محمد حنیف ولد گوہررحمنٰ کی گلا کٹی لاش ملی ، پولیس کے مطابق متوفی مرگی کا مریض اور ذہنی دباؤکا شکارتھا، اہلخانہ کے مطابق متوفی نے دو مرتبہ پہلے بھی خود کشی کی کوشش کی تھی اورگزشتہ روزبھی بلیڈ کی مدد سے خود گلا کاٹ کر مبینہ خود کشی کرلی، کیماڑی شیریں جناح کالونی میں واقع گھر میں زہریلی چیز کھانے سے 22 سالہ ارباز خان ولد شہزاد خان جاں بحق ہوگیا ، لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی ، پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان نے گھریلو رنجش کے باعث مبینہ خودکشی کی ہے۔