کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے بی آر ٹی منصوبے میں تاخیر کے خلاف درخواست پر چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ، میئر کراچی بیرسٹرمرتضٰی وہاب صدیقی، سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی و دیگر کو نوٹس جاری کردئیے۔ ہائی کورٹ میں بی آر ٹی منصوبے میں تاخیر کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار آصف اقبال کے وکیل عمر میمن ایڈووکیٹ نے درخواست میں موقف اپنایا کہ 2017 میں بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے کا اعلان کیا گیا تھا۔ ریڈ لائن منصوبے کو 2023 میں مکمل ہونا تھا، منصوبے کی تکمیل کی مدت میں بارہا توسیع کی گئی۔ منصوبے کا مقصد شہریوں کو سفری سہولیات کی فراہمی تھا، بدانتظامی سے باعث اذیت بن گیا۔ ابتدائی طور منصوبے کی لاگت کا تخمینہ 79 ارب روپے لگایا گیا تھا۔