کوئٹہ(خ ن) بلوچستان انفارمیشن کمیشن نے عوام کو انکے حق معلومات کی فراہمی کے لیے باقاعدہ طور پر کام کا آغاز کر دیا ہے صوبائی سیکرٹری اطلاعات عمران خان نے محکمہ تعلقات عامہ کی عمارت میں انفارمیشن کمیشن کے عارضی دفتر کی افتتاحی تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل محکمہ اطلاعات محمد نور کھیتران، کمشنر بلوچستان انفارمیشن کمیشن عبدالشکور، ڈائریکٹر سعید شاہوانی اور دیگر افسران بھی موجود تھے سیکرٹری اطلاعات عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انفارمیشن کمیشن کا قیام ایک اہم سنگ میل ہے اس کے ذریعے شہریوں کو معلومات تک آسان اور بروقت رسائی حاصل ہوگی انہوں نے کہا کہ "رائٹ ٹو انفارمیشن" عوام کا بنیادی حق ہے اور اس حق کی فراہمی سے شفاف طرز حکمرانی، احتساب اور اعتماد میں اضافہ ہوگا جدید دور کے تقاضوں کے مطابق محکمہ اطلاعات کا کردار انتہائی اہمیت اختیار کر گیا ہے کمیونیکیشن کے اس انقلابی دور میں محکمہ کے افسران پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عوام تک حکومتی پالیسیوں اور اقدامات کو درست، بروقت اور شفاف انداز میں پہنچائیں انہوں نے کہا کہ انفارمیشن کمیشن نہ صرف عوام کو حکومتی اقدامات کے بارے میں معلومات فراہم کرے گا بلکہ یہ عوامی شمولیت، شفافیت اور جوابدہی کو بھی یقینی بنائے گا۔