کوئٹہ(خ ن) صوبائی مشیر برائے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ ملک کے بیشتر دریاؤں میں سیلابی صورتحال سنگین ہوچکی ہے ایسے میں بلوچستان کے دریائے سندھ سے منسلک کینالز اور سرحدی علاقوں کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا انہوں نے کہا کہ حالیہ اطلاعات کے مطابق ممکنہ سیلابی صورتحال کے خدشات بڑھ رہے ہیں جس کے پیش نظر حکومت بلوچستان نے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات شروع کردیے ہیں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان حکومت دریائی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور اس سلسلے میں سندھ اور پنجاب حکومتوں سے مسلسل رابطے میں ہے تاکہ آنے والی کسی بھی ہنگامی صورتحال کا بروقت مقابلہ کیا جاسکے انہوں نے واضح کیا کہ عوام الناس کو بھی چاہیئے کہ وہ پیشگی احتیاطی تدابیر اختیار کریں خاص طور پر دریاؤں اور نہروں کے قریب آباد افراد اپنے تحفظ کے لیے محتاط رہیں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت جاری کردی ہے کہ وہ ممکنہ خطرے سے دوچار علاقوں میں حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں اور ہنگامی بنیادوں پر ریلیف پلان تیار رکھیں متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مشینری، ریسکیو ٹیمیں اور طبی سہولیات ہائی الرٹ پر رکھیں۔