• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین اور بچیوں کے تحفظ کیلئےمؤثر اقدامات کی ضرورت ہے، کرن بلوچ

کوئٹہ (پ ر)بلوچستان کمیشن آن اسٹیٹس آف ویمن (BCSW) کی چیئرپرسن کرن بلوچ نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں خواتین کے خلاف ہونے والے حالیہ پرتشدد واقعات پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ بیان میں انہوں نے سیاہ کاری اور غیرت کے نام پر قتل کے دو المناک واقعات میں دو خواتین سمیت چار افراد کے قتل کو انسانیت سوز جرم قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں سیاہ کاری کے شبہے میں قتل، غیرت کے نام پر بیوی کو موت کے گھاٹ اتار دینا، کمسن بچیوں کا گلا گھونٹ کر قتل کرنا، والد کی جانب سے بیٹی سے مبینہ جنسی زیادتی اور قریبی رشتہ داروں کی طرف سے معصوم بچیوں کو قتل جیسے واقعات نہایت افسوسناک اور قابل مذمت ہیں۔ ایسے بہیمانہ جرائم نہ صرف انسانی اقدار کی کھلی خلاف ورزی ہیں بلکہ یہ ہمارے سماجی و اخلاقی نظام کی کمزوری کو بھی ظاہر کرتے ہیں۔کرن بلوچ نے کہا کہ خواتین اور بچیوں کے تحفظ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بلوچستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں، عدلیہ، سول سوسائٹی، میڈیا اور علما کرام کو مل کر معاشرے میں بڑھتے ہوئے اس تشدد کے رجحان کو روکنے میں فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔
کوئٹہ سے مزید