کراچی (اسٹاف رپورٹر)نائب امیر جماعت اسلامی کراچی و اپوزیشن لیڈرکے ایم سی سیف الدین ایڈو کیٹ نے کہا ہے کہ واٹرکارپوریشن کا سسٹم مکمل طورپر غیر موثر ہو چکا ہے، اپنے طورپر شکا یات کا ازالہ نہیں کیا جاتا ،جماعت اسلامی کے 9ٹاؤن چیئرمینوں نے ایم ڈی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن احمد علی صدیقی سے ملاقات کی اور مطالبہ کیا کہ واٹرکارپوریشن عوامی مسائل کے حل کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے،ابھی تک ٹاؤن اوریوسیز کروڑوں روپے کے پانی اورسیوریج کے کام کرواچکے ہیں،گزشتہ دوسالوں میں واٹرکارپوریشن اپنے کاموں کے لیے ٹینڈرز بھی نہیں کروا سکا جس کی وجہ سے مسائل میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ملاقات میں چیئر مین لانڈھی ٹاؤن عبد الجمیل خان، چیئر مین جناح ٹاؤن رضوان عبد السمیع، چیئر مین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹرفواد، چیئر مین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ، چیئر مین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب، چیئر مین نارتھ ناظم آباد ٹاؤن عاطف علی خان، چیئر مین ناظم آباد ٹاؤن محمد مظفر اور چیئر مین نیو کراچی محمد یوسف موجودتھے، جبکہ واٹر کارپوریشن کی جانب سے سی اواو، ڈی ایم ڈی واٹر اینڈ سیوریج چیف انجینئرز،سپر نٹنڈنٹانجینئرز و دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے اس موقع پر ہر ٹاؤن چیئر مین نے اپنے ٹاؤن میں پانی اور سیوریج کے بڑے مسائل سے آگاہ کیا اور ان کا حل تجویز کیا۔