کراچی( ثاقب صغیر ) کراچی میں رواں برس ہونے والے ٹریفک حادثات میں 16 بلیک اسپاٹس ( Black Spots ) کا تعین کیا گیا ہے جہاں تین یا اس سے زائد ٹریفک حادثات ہوئے ہیں۔ان مقامات پر ہونے والے ٹریفک حادثات کی وجوہات میں مارکیٹ ایریا، ہیوی ٹریفک کے لیے دو طرفہ سڑک کا تنگ ہونا، روڈ کی ٹوٹ پھوٹ، کراسنگ روڈز کا مناسب نہ ہونا، پیک آوورز میں موٹر سائیکل سواروں کا ون وے کی خلاف ورزی کرنا، اسٹریٹ لائٹس کا نہ ہونا، ڈرائیورز کی غفلت ، ٹریفک فلو، پیدل چلنے والوں کے لیے پل کا نہ ہونا اور یو ٹرن سے مخالف سمت سفر کرنا شامل ہے۔ ضلع سینٹرل میں 4 بلیک اسپاٹس کا تعین کیا گیا ہے جن میں ٹریفک سیکشن لیاقت آباد میں 3 اور سرجانی سیکشن میں ایک مقام کو بلیک اسپاٹ قرار دیا گیا ہے۔ ضلع ایسٹ میں عزیز بھٹی سیکشن میں ایک ، ضلع ویسٹ میں شیر شاہ ، بلدیہ اور سائٹ ٹریفک سیکشنز میں مجموعی طور پر 3 ، ضلع کورنگی میں کورنگی سیکشن میں 3 اور ضلع ملیر میں ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل ، لانڈھی انڈسٹریل ایریا، گلزار ہجری اور نیو سبزی منڈی ٹریفک سیکشنز میں مجموعی طور پر 5 بلیک اسپاٹس کا تعین کیا گیا ہے۔ ٹریفک پولیس کراچی کی کراچی روڈ ایکسیڈنٹ اینائلسس ٹیم( Kraat ) کے مطابق لیاقت آباد سیکشن میں ایس ایم توفیق روڈ نزد ڈاکخانہ ، ایس ایم توفیق روڈ لیاقت آباد برج ریمپ ، حکیم ابن سینا روڈ ارم بیکری لیاقت آباد نمبر 4 وہ مقامات ہیں جنھیں بلیک اسپاٹس قرار دیا گیا ہے۔سرجانی سیکشن میں نادرن بائی پاس روڈ نزد اٹک پٹرول پمپ ، عزیز بھٹی سیکشن میں سر شاہ سلیمان روڈ جانب حسن اسکوائر ، شیر شاہ ٹریفک سیکشن میں اسٹیٹ ایوینیو روڈ ہونڈا کمپنی جانب پراچہ چوک ، بلدیہ سیکشن میں نادرن بائی پاس روڈ ریمپ 2 نزد جلی فیکٹری ، سائٹ سیکشن میں اسٹیٹ ایوینیو روڈ غنی چورنگی جانب سیمنس چورنگی ، کورنگی سیکشن میں کورنگی کراسنگ جانب ندی، 8 ہزار بلال چورنگی جانب ویٹا چورنگی ،کورنگی کراسنگ 12 ہزار روڈ جانب ناصر جمپ دار السلام سوسائٹی ، گلزار ہجری سیکشن میں سپر ہائی وے روڈ نزد پنجاب بس اڈا اسکیم 33 ، ذوالفقار آباد آئل ٹرمینل ( زیڈ او ٹی) سیکشن میں نیشنل ہائی وے روڈ نزد رزاق آباد ٹریننگ سینٹر ،لانڈھی انڈسٹریل ایریا ( ایل آئی اے ) سیکشن میں کورنگی صنعتی ایریا روڈ فیوچر موڑ اور نیو سبزی منڈی ٹریفک سیکشن میں نادرن بائی پاس نزد انڈس کٹ نزد نمکین ہوٹل اور سپر ہائی وے روڈ نزد سبزی منڈی یو ٹرن اسکیم 33 وہ مقامات ہیں جنھیں بلیک اسپاٹس قرار دیا گیا ہے۔