لاہو،قصور، حافظ آباد،گجرات(کرائم رپورٹر،خصوصی رپورٹر،خبر نگار،نمائندگان جنگ) دریائے راوی کا بند ٹوٹ گیا، لاہور کے کئی علاقوں میں سیلابی پانی داخل،دریائے راوی کا بند متعدد مقامات پر ٹوٹ جانے سے شاہدرہ،بادامی باغ، ٹھوکر نیاز بیگ، موہنوال، چوہنگ کے علاقوں میں سیلابی پانی آبادی والے علاقوں میں داخل ہو گیا۔لاہور میں رِنگ روڈ سے ملھقہ بادامی باغ کے علاقہ میں راوی دریا کاسیلابی پانی داخل ہوا ہے۔ چناب کا سیلابی ریلا اگلے 24 گھنٹے میں جھنگ اوراگلے 2 روز میں ملتان سے گزرے گا ، لاہور کی پانچ تحصیلوں کے 22 دیہات کو خالی کرا لیا اس سے پہلے جمعرات کی صبح راوی کا پانی موہلنوال کے علاقہ میں بنی ایک ہاؤسنگ سوسائٹی میں داخل ہو گیا جہاں سے مکینوں کا انخلا جاری ہے۔لاہور میں دریا کےپار آباد شاہدرہ کی آبادیوں کو دریا کا پانی داخل ہو جانے کا سب سے زیادہ خطرہ ہے، شاہدرہ کی نشیبی آبادیوں عزیز کالونی اور فرخ آباد مین آج دریا کا پانی داخل ہوا اور مکانوں کی نچلی منزلوں تک پانی جمع ہو گیا۔ ان علاقوں مین بھی مکینوں نے انتظامیہ کے بار بار انتباہ کے باوجود علاقہ نہیں چھوڑا تھا، اب بہت سے مکین علاقہ چھوڑ رہے ہیں۔ کچھ اب تک اپنے پانی میں گھرے ہوئے گھروں میں بیٹھے ہیں۔دریائے چناب میں پنڈی بھٹیاں کےمقام پر پانی کی سطح میں مزید اضافہ پر لاہور اسلام آباد موٹروے کا رابطہ منقطع ہونے کا خدشہ ہے۔دریائے چناب میں پنڈی بھٹیاں کے مقام پرسیلابی پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔