کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پانی کی صورتحال کو وزیر اعلیٰ اور وزیر آبپاشی مانیٹر کر رہے ہیں۔ سندھ حکومت کی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پریکٹس ہو چکی ہے، گزشتہ سیلاب کے بعد صوبے میں21لاکھ گھر بنائے گئے ہیں جو دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ ہے ، بارشوں کا سیزن ختم ہو جائے گا تو کراچی کی ٹوٹی ہوئی اور روڈ کٹنگ کا شکار سڑکوں کی مرمت کی جائے گی۔ جماعت اسلامی نے کوئی کام نہیں کیا، وہ صرف تنقید کرتے ہیں۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ، شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پنجاب میں جو تباہ کاریاں ہوئی ہیں، پیپلز پارٹی اور حکومت سندھ پنجاب کے متاثرہ بھائیوں کے ساتھ ہے۔پنجاب میں سیلابی صورتحال پر دکھ ہے اور حکومت سندھ پنجاب حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔