• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی پنجاب اور جموں کشمیر میں تباہ کن بارشیں، کئی اضلاع زیرِ آب

اسلام آباد (صالح ظافر)بھارتی پنجاب کے متعدد اضلاع میں حالیہ دنوں ہونے والی طوفانی بارشوں اور شدید سیلاب نے عام زندگی کو مفلوج کر دیا ہے۔ کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں، درجنوں دیہات زیرِ آب آگئے اور مکانات ڈوبنے سے ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔مغربی ذرائع ابلاغ کے مطابق ضلع ڈیرہ بابا نانک میں متاثرہ دیہات تک رسائی کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر (SDM) نے بتایا کہ دریائے راوی کے کنارے کئی دیہات پانی میں گھرے ہوئے ہیں، جہاں متاثرین تک خشک راشن، پینے کا پانی اور ادویات پہنچانے کے لیے ڈرونز استعمال کیے جا رہے ہیں۔صورتحال ضلع امرتسر میں بھی شدید ہے جہاں ایک درجن کے قریب دیہات سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ بھارتی حکام نے مشکل حالات کے پیشِ نظر جدید ATOR N1200 ایمفی بیئس آل ٹرین وہیکلز تعینات کر دیے ہیں جو گہرے پانی اور کٹھن راستوں میں آسانی سے چل سکتی ہیں۔مسلسل بارشوں کے باعث پٹھانکوٹ، جالندھر، گرداسپور، ہوشیارپور، کپورتھلا، فیروزپور اور فاضلکہ کے کئی دیہات زیرِ آب ہیں۔ دریائے راوی کے بپھرنے سے پٹھانکوٹ شہر میں درخت اکھڑ گئے اور سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئیں۔ جموں-پٹھانکوٹ ہائی وے بھی بند ہوگئی ہے جس کے باعث گاڑیوں اور ٹرکوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق مدھوپور ہیڈ ورکس پر واقع بیراج ڈیم کا ایک دروازہ اچانک ٹوٹ جانے سے متعدد ملازمین، جن میں ایکس ای این اور ایس ڈی او بھی شامل تھے، پانی میں پھنس گئے۔ انہیں ہیلی کاپٹر کی مدد سے بحفاظت نکالا گیا، تاہم ایک شخص ابھی تک لاپتہ ہے جس کی تلاش جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر کٹھوعہ (جموں و کشمیر) نے خبردار کیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں مسلسل بارش کے باعث پانی تیزی سے میدانی علاقوں کی طرف بڑھ رہا ہے، جس سے مزید خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔ ان کے مطابق متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے اور ضلعی انتظامیہ ہائی الرٹ پر ہے۔
اہم خبریں سے مزید