کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) جامعہ بلوچستان میں ایڈوانسڈ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ کا 189 واں اہم اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی کی زیر صدارت گذشتہ روز ہوا،جس میں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر غلام رزاق شاہوانی،رجسٹرار محمد طارق جوگیزئی ،چیئرمین گریجویٹ اسٹڈیز آفس ڈاکٹر محمد قیصر اقبال، مختلف فیکلٹیز کے ڈین، شعبہ جات کے سربراہان اور بورڈ کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔اجلاس میں اعلیٰ تعلیم و تحقیق سے متعلق اہم امور پر تفصیلی غور کیا گیا، جن میں ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی ریسرچ ، ڈگری کیسز اور دیگر تحقیقی دستاویزات کی منظوری شامل تھی۔بورڈ نے مختلف شعبہ جات سے موصول ہونے والے نئے اور جاری ایم ایس/ایم فل/پی ایچ ڈی ڈگری پروگرامز اور تحقیقی خلاصوں کی منظوری دی۔ وائس چانسلر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ تحقیقی معیار، جدت اور علاقائی و قومی ضروریات سے مطابقت کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس کے دوران تحقیقی پیداوار، تحقیقی جرائد میں اشاعت اور پوسٹ گریجویٹ ریسرچ کی نگرانی کے نظام کو بہتر بنانے سے متعلق اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔