اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار) چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کیپٹن (ر)حمزہ ہمایوں نے جمعہ کو ٹریفک پولیس ہیڈ کوارٹرز میں میٹنگ کی ،سینئر پولیس افسران نے ڈرائیونگ لائسنس برانچ کے مختلف شعبہ جات اور کام کے طریقہ کار کے متعلق بریفنگ دی،سی ٹی او اسلام آباد نے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کےلئے آنے والے شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ بھی لیا،اس موقع پر انہوں نے لائسنس کے حصول کیلئے آنے والے درخواست دہندگان سے ملاقات بھی کی اور درپیش مسائل کے متعلق دریافت کیا،انہوں نے تمام ٹریفک پولیس افسران کو ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے آنے والے شہریوں کو آسانیاں اور تمام تر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں،اس موقع پر انہوں نے کہا کہ لائسنس کے حصول کےلئے آنے والے شہریوں کی رہنمائی کے لئے پولیس گائیڈ تعینات کر دئیے گئے ہیں،جبکہ میرٹ اور شفافیت پر ڈرائیونگ لائسنس کے اجراءکو مساوی بنیادوں پر جاری رکھا جائے گا،انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ڈرائیونگ لائسنس کے اجراءکے عمل کو مزید آسان اور شفاف بنایا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے،جبکہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی کے ساتھ پیش آیا جائے۔