اسلام آباد (عاصم جاوید) اسلام آباد ہائی کورٹ میں آج نئے عدالتی سال کے سلسلے میں ہونے والی فل کورٹ میٹنگ کے ایجنڈے میں ترمیم سے متعلق چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کو لکھا گیا جسٹس بابر ستار کا خط منظر عام پر آ گیا۔ جسٹس بابر ستار نے اپنے خط میں اسلام آباد ہائیکورٹ اور ماتحت عدلیہ سے متعلق بعض امور کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں فل کورٹ میٹنگ میں زیر بحث لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کے نام جسٹس بابر ستار کا خط 4 صفحات پر مشتمل ہے جس کی نقول تمام ججز اور رجسٹرار کو بھجوائی گئی ہیں۔ جسٹس بابر ستار نے خط میں بعض امور کی نشاندھی کرتے ہوئے لکھا کہ کیا آج اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز سمجھتے ہیں کہ وہ اپنی آئینی ذمہ داری پوری کر رہے ہیں؟ کیا ججز کو یقین ہے کہ شہری اپنے بنیادی حقوق کا انہیں محافظ سمجھتے ہیں؟