• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صنعتی سرمایہ کاری کیلئے بیرونی زرمبادلہ پر سوالات سے استثنیٰ تجویز

اسلام آباد( مہتاب حیدر)حکومت نے پروٹیکشن آف اکنامک ریفارمز ایکٹ (PERA) 1992 میں بڑے پیمانے پر ترامیم تجویز کی ہیں اور ایک ایسا طریقہ کار وضع کرنے پر غور کر رہی ہے جس کے تحت بیرونِ ملک سے آنے والا زرمبادلہ صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے مکمل تحفظ حاصل کرے گا۔یہ تجویز آئندہ آنے والی انڈسٹریل پالیسی کے مسودے میں شامل ہے، تاہم اس پر عمل درآمد آئی ایم ایف کی منظوری کے بعد ہی ممکن ہوگا۔ صنعتی ترقی مختلف وجوہات کی بنا پر جمود کا شکار رہی ہے اور اب حکومت مختلف آپشنز پر غور کر رہی ہے تاکہ برآمدات کے قابل اضافی پیداوار حاصل کی جا سکے اور پائیدار ترقی ممکن ہو سکے۔نئی انڈسٹریل پالیسی کے مسودے، جس پر وزیراعظم شہباز شریف سے مشاورت کی جا چکی ہے اور جس کے جلد اعلان کا امکان ہے، میں سرمایہ کاروں کے تحفظ اور ان کے منافع کی ترسیل کے لیے قانونی ترامیم تجویز کی گئی ہیں۔اس کے تحت پروٹیکشن آف اکنامک ریفارمز ایکٹ 1992 میں ایک نیا سیکشن شامل کرنے کی تجویز ہے تاکہ ایسی کسی بھی پالیسی یا قانون سازی کو روکا جا سکے جو پہلے سے دیے گئے مالیاتی مراعات کو ماضی سے لاگو کرتے ہوئے ختم یا منفی طور پر تبدیل کرے۔اس نئے سیکشن کے مطابق اگر کوئی ترمیم مالیاتی قوانین میں کی جاتی ہے جو کسی سرمایہ کاری کے لیے دی گئی مالی مراعات کو ختم یا نقصان پہنچاتی ہے، تو یہ ترمیم ماضی میں کی گئی سرمایہ کاری پر لاگو نہیں ہوگی۔
اہم خبریں سے مزید