بیجنگ/ماسکو (جنگ نیوز) 150 سال تک انسانی عمر بڑھنے کا امکان، پیوٹن اور شی جن پنگ کی غیر رسمی گفتگو، بیجنگ میں فوجی پریڈ کے دوران ہاٹ مائیک پر ریکارڈ بات چیت نے دنیا بھر کی توجہ حاصل کر لی۔
پیوٹن نے تصدیق کی کہ چینی صدر کے ساتھ طویل عمری اور طب و بایو ٹیکنالوجی میں پیش رفت پر گفتگو کی۔
چین کے دارالحکومت بیجنگ میں دوسری جنگِ عظیم کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ فوجی پریڈ کے دوران روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ کی ایک غیر رسمی گفتگو نے دنیا بھر میں توجہ حاصل کر لی۔
اس موقع پر ایک ’ہاٹ مائیک‘ نے دونوں رہنماؤں کی بات چیت ریکارڈ کی، جس میں پیوٹن کے مترجم کو یہ کہتے سنا گیا کہ بایو ٹیکنالوجی مسلسل ترقی کر رہی ہے اور انسانی اعضا کی پیوندکاری ممکن ہے، جس سے انسان کی زندگی طویل ہو سکتی ہے اور حتیٰ کہ ’ہمیشہ کی زندگی‘ حاصل کرنے کا تصور بھی ممکن ہے۔