• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ اردو کا سینیٹ اجلاس کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے ملتوی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وفاقی اردو یونیورسٹی کی سینیٹ کا ڈیڑھ سال کے عرصے میں منعقدہ ہونے والا پہلا اجلاس کورم پورا نہ ہونے پر ختم ہوگیا اور ایجنڈے میں شامل کسی بھی آئٹم پر بحث نہیں ہو سکی۔ اجلاس میں صرف 5 اراکین شریک ہوئے جبکہ سینیٹ کی اراکین کی تعداد اس وقت 14 ہے، سینیٹ کل 17 اراکین پر مشتمل ہوتی ہے۔ شریک ہونے والے اراکین میں ڈپٹی چیئر سینیٹ ڈاکٹر جمیل احمد، وائس چانسلر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری، ڈاکٹر سروش لودھی، ڈاکٹر تنویر خالد اور ڈاکٹر کمال حیدر شامل تھے جو اجلاس کا کورم پورا نہ ہونے کے سبب واپس چلے گئے۔وفاقی سیکریٹری تعلیم یا وزارت تعلیم اور اعلیٰ تعلیمی کمیشن کا کوئی نمائندہ تک اجلاس میں شریک نہیں ہوا، باقی اراکین نے بھی سینیٹ کے اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔ اکثر اراکین کا خیال تھا کہ وائس چانسلر کی تنخواہ سے متعلق پیدا ہونے والا ابہام پہلے دور کیا جائے، اس کی تحقیقات کی جائیں پھر سینیٹ کا اجلاس بلایا جائے۔ اس حوالے سے انجمن ترقی اردو کے صدر واجد جواد نے بھی ڈپٹی چیئر سینیٹ کو ایک خط تحریر کیا تھا جس میں یونیورسٹی کے معاملات پر ایچ ای سی کی جاری انکوائری کو بنیاد بناتے ہوئے اجلاس ملتوی کرنے کی گزارش کی گئی تھی۔
اہم خبریں سے مزید