نئی دہلی ( نیوز ڈیسک)بھارت میں امریکی محصولات سے معاشی دباؤ کے خدشے کے پیش نظر گھریلو مصنوعات پر گڈز اینڈ سروسز ٹیکس (جی ایس ٹی) میں کمی کردی گئی ۔پان مسالہ، سگریٹ، گٹکا اور دیگر تمباکو مصنوعات پر جی ایس ٹی کی شرح 40 فیصد ہوگی۔وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے دہلی میں پریس کانفرنس میں کہا کہ عام آدمی اور متوسط طبقے کے استعمال ہونے والی اشیاء پر جی ایس ٹی پوری طرح سے کم کر دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب صابن سے لے کر چھوٹی گاڑیوں تک ٹیکس میں کمی کی گئی ہے اور یہ فیصلہ معاشی دباؤ کے مقابلے میں گھریلو طلب بڑھانے کے لیےکیا گیا ہے۔ بھارت میں نیا جی ایس ٹی 22 ستمبر سے نافذ العمل ہوگا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق استعمال کی چیزوں پر اب صرف 2 جی ایس ٹی سلیب 5 فیصد اور 18 فیصد ہوں گے جب کہ 12 فیصد اور 28 فیصد ٹیکس کی سلیب ختم کر دی گئی ہے۔ ہیئر آئل، شیمپو، ٹوتھ پیسٹ پر اب 18 فیصد کی بجائے 5 فیصد،کچن کی اشیاء مکھن، گھی، نمکین، پاستا،کارن فلیکس، کافی، چاکلیٹ پر 5فیصد جی ایس ٹی ہوگا۔ پنیر، انڈین بریڈ، یو ایچ ٹی دودھ پر اب کوئی ٹیکس نہیں ہوگا۔