ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ چکنائی والی غذائیں بچوں میں دمے کا خطرہ بڑھا سکتی ہیں۔
حال ہی میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق چکنائی والی غذاؤں کا زیادہ استعمال مدافعتی نظام کو کمزور کرتا ہے، سوزش کا باعث بنتا ہے اور سانس کے مسائل میں اضافہ کرتا ہے۔
اس تحقیق کے دوران 6 سے 16 سال کی عمر کے 2 ہزار 428 بچوں کی کھانے کی عادات کا جائزہ لیا گیا۔
تحقیق کے نتائج میں یہ بات سامنے آئی کہ چکنائی والی غذاؤں کا زیادہ استعمال کرنے والے بچے دمے کا شکار تھے۔
تحقیق کے مطابق مغربی کھانے جن میں عام طور پر پروسسڈ فوڈ اور زیادہ چکنائی والی غذائیں شامل ہوتی ہیں، یہ نا صرف دمے کا خطرہ بڑھاتی ہیں بلکہ بچوں میں موٹاپے کی وجہ بھی بنتے ہیں جس سے سانس کے مسائل مزید پیچیدہ ہو سکتے ہیں۔
محققین نے اومیگا 3 اور اومیگا 6 فیٹی ایسڈز کے عدم توازن کو بھی بچوں میں دمے کی وجہ قرار دیا ہے۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ متوازن غذا کا انتخاب کرکے بچوں میں سانس کے بڑھتے ہوئے مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کےلیے اپنے معالج سے رابطہ کریں۔