• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیصلہ ہم کریں گے کون ہماری سرزمین پر رہے گا، پاکستان، افغانوں کی بیدخلی روکنے کی UN اپیل پر جواب

اسلام آباد (نیوزرپورٹر/اے ایف پی ) حکومت پاکستان نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزین فلیپو گرانڈی کی جانب سے زلزلے کے باعث افغان شہریوں کی بیدخلی روکنے کی اپیل کے جواب میں واضح کیاہے کہ جن لوگوں کے پاس دستاویزات نہیں ہیں انہیں واپس جانا چاہیے‘پاکستان یہی کر رہا ہے اور کوئی بھی دوسرا ملک، بشمول یورپ اور دیگر ممالک بھی ایسا ہی کرتے ہیں ‘یہ ہماری سرزمین ہے اور ہم فیصلہ کریں گے یہاں کون رہے گا‘بھارت نے پاکستان کو سفارتی سطح پر سیلاب کے حوالے سے مکمل تفصیلات فراہم نہیں کیں‘ افغان حکومت کو دہشتگردی کا مسئلہ سنجیدگی سے لینا ہوگا، وہاں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں موجود ہیں، پاکستان اپنی سرزمین اور لوگوں کا تحفظ کرنا جانتا ہے‘پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کا تحفظ ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔جمعہ کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ افغانستان کو پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین کا استعمال بندکرنا چاہئے ‘جرمنی کو پاکستان میں موجود افغان شہریوں کے جرمنی جانے کے معاملے کو سنجیدگی سے لینا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ جرمن وزارت خارجہ کا پاکستان میں افغان مہاجرین سے متعلق بیان دیکھا ہے‘جرمنی جانے کے منتظر افغان شہریوں کو جلد از جلد پاکستان سے نکالنا چاہیے، جرمنی کو جلد از جلد افغان شہریوں کو جرمنی بلانا چاہیے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کی جانب سے خان یونس میں حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے، اسرائیل نے حملوں میں ہسپتالوں اور صحافیوں کو نشانہ بنایا، اسرائیل مسلسل انسانی حقوق کی پامالیاں کررہا ہے۔ شفقت علی خان نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ چین انتہائی کامیاب رہا، وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی صدر کی دعوت پر چین کا دورہ کیا جہاں وزیر اعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کی اور کئی اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں‘شہباز شریف نے افغانستان کے مسئلے کو ایس سی او میں اجاگر کیا۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان اور روس نے دو طرفہ تعلقات سمیت دیگر شعبوں میں اگے بڑھنے پر زور دیا، وزیراعظم نے ایس سی او وژن کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔


اہم خبریں سے مزید