شارجہ (عبدالماجدبھٹی) محمد نواز نے پاکستان کو سہ فریقی سیریز میں ٹائٹل سے نواز دیا۔ان کے تباہ کن اسپیل اور ہیٹ ٹرک کی بدولت ایشیا کپ سے قبل نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل پاکستان نے افغانستان کو آؤٹ کلاس کرکے حریفوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی۔نواز نے 25رنز بھی بنائے، وہ میچ اور سیریز کےبہترین پلیئر قرار پائے۔ اتوار کو شارجہ میں فائنل میں کم اسکور کے باوجود افغانستان کو 75رنز کے بڑے مارجن سے ہرادیا۔ دس میں سے9 وکٹ اسپنرز نے حاصل کئے۔ ناکام ٹیم 16ویں اوور میں66 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ بیس ہزار سے زائد تماشائیوں کی موجودگی میں پاکستان نے افغانستان کو چاروں خانے چت کردیا۔ شارجہ اسٹیڈیم میں جیت کے ساتھ ہرجانب جشن کا سماں تھا اور ہزاروں افغانوں کو مایوس لوٹنا پڑا۔ اسٹیڈیم پاکستان زندہ باد ، جیوے جیوے پاکستان کے نعروں سے گونج اٹھا تماشائی دیوانہ وار رقص کررہے تھے،چیئیرمین پی سی بی محنس نقوی نے فتح پر ٹیم اور کوچ کو مبارک بادی دی ہے۔ محمد نواز نے ٹی 20 کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے چار اوورز میں19 رنز دے کر پانچ وکٹ حاصل کئے اس سے قبل انہوں نے ہانگ کانگ کے خلاف پانچ رنز دے کر تین وکٹ لیے تھے۔ وہ محمد حسنین اور فہیم اشرف کے بعد ہیٹ ٹرک کرنے والے تیسرے پاکستانی بولر بن گئے۔ افغان ٹیم ٹی ٹوئنٹی میں دوسرے کم ترین اسکور پر آوٹ ہوئی اس سے قبل ورلڈ کپ سیمی فائنل میں56 رنز بنائے تھے۔ ابرار احمد نے17اور صفیان مقیم نے9 رنز دے کر دو، دو وکٹ حاصل کئے۔ ایک وکٹ شاہین کو ملی ۔ افغانستان کی اننگز کی پانچویں گیند پررحمن اللہ گرباز شاہین شاہ کی گیند پر پانچ رنز بناکر سلپ میں کیچ ہوگئے۔