لاہور(خبرنگار)صوبائی دارلحکومت لاہور سمیت ملک بھر میں نبی آخر الزمان حضرت محمد مصطفیٰ ؐ کے یومِ ولادت کا جشن ہفتہ بارہ ربیع الاؤل کو مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور تمام صوبائی دارالحکومت میں 21 ،21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔مساجد میں نماز فجر کی ادائیگی کے بعد مسلم اُمہ کے اتحاد اور ملک کی ترقی و خوش حالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ آمد مصطفیؐ کی خوشی میں ملک بھر میں گلی محلوں، بازاروں اور مساجد کو سبز جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجا یا گیا جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں پر بھی چراغاں کیا گیا ، کئی بازاروں اور شاہراہوں پر محرابیں اور آرائشی دروازے بھی لگائے گئے ۔