کوئٹہ (پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی ویمن ونگ بلوچستان کی سیکریٹری اطلاعات اور بلوچستان کمیشن برائے حیثیت نسواں کی چیئرپرسن کرن بلوچ نے ملک کے مختلف حصوں میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں ہونے والی تباہی، مالی نقصانات اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ایک شدید قدرتی آفت کا سامنا کر رہے ہیں، جس میں ہزاروں خاندان بے گھر ہو چکے ہیں، انفراسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے اور روزمرہ زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ خاص طور پر خواتین، بچے اور بزرگ اس آفت سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ یہ وقت متحد ہونے اور ایک قوم کی حیثیت سے کردار ادا کرنے کا ہے۔انہوں نے حکومتِ پاکستان، صوبائی حکومتوں، فلاحی اداروں، مخیر حضرات اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر امدادی کارروائیاں تیز کریں اور متاثرین کو خوراک، ادویات، صاف پانی، خیمے اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کریں۔انہوں نے خاص طور پر اس بات پر زور دیا کہ خواتین اور بچوں کے لیے علیحدہ ریلیف مراکز اور طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کی حفاظت اور ضروریات کا خیال رکھا جا سکے۔