کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) بلوچستان کی مختلف سیاسی، سماجی، مذہبی شخصیات ، سیاسی جماعتوں اور سماجی تنظیموں نے معروف بزرگ سماجی و قبائلی شخصیت اور ٹرانسپورٹر حاجی میر فیروز لہڑی کے انتقال پردکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہئے کہا ہے کہ حاجی میر فیروز لہڑی ایک شفیق ملنسار اور دور اندیش قبائلی رہنما تھے۔ سابق چیئرمین سینٹ اور رکن صوبائی اسمبلی محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ حاجی میر فیروز لہڑی ایک عظیم انسان تھے جنہوں نے ہمیشہ غریبوں اور ناداروں کی مدد کی اور قبائلی تنازعات کے حل میں نمایاں کردار ادا کیا، ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا پُر کرنا نہایت مشکل ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثناءاللہ خان زہری نے کہا ہے کہ حاجی میر فیروز لہڑی ایک قبائلی و سماجی رہنما ، نیک سیرت ، مخلص اور خدمت خلق کا جذبہ رکھنے والی شخصیت تھے جنہوں نے پوری زندگی عوامی خدمت اور انسانی ہمدردی کے لیے وقف کردی تھی ،صوبائی مشیر بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے کہا کہ مرحوم کی نہ صرف بلوچستان کے عوام کے لیے خدمات ہیں بلکہ انہوں نے ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بھی نمایاں خدمات انجام دیں جو ان کی عوام دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ جمہوری وطن پارٹی کے بیان میں کہا گیا کہ بلوچ قوم آج ایک ایسے رہنما سے محروم ہوگئی ہے جس نے اپنی زندگی قبائلی اقدار، عوام دوستی اور سیاسی جدوجہد کے لیے وقف کی۔ وہ شہید نواب محمد اکبر خان بگٹی کے سیاسی ساتھی بھی رہے اور اپنے وقت میں سیاسی میدان میں بھرپور کردار ادا کیا۔وہ عوام کے خیر خواہ اور محروم طبقات کاسہارا سمجھے جاتے تھے۔فیاض حسن سجاد ویلفیئر فاؤنڈیشن کے چیئرمین محمد عثمان فیاض، لیگل ایڈوائزر سید سلیم رضا ایڈووکیٹ و دیگر نےالحاج میر فیروز خان لہڑی کے انتقال پرتعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے بلند درجات اور پسماندگان کے لئے صبر جمل کی دعا کی ۔ بلوچستان گڈز ٹرک اونرز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر حاجی نور محمد شاہوانی، جنرل سیکرٹری حاجی عبدالباقی کاکڑ اوردیگر عہدیداروں نےبھی انکی وفات پر تعزیت کا اظہارکیا ہے۔