کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی بلوچستان کے نائب امیر زاہد اختر بلوچ نے پیر کو ذمہ داران و کارکنان کے ہمراہ کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے آل پارٹیز کی کال پر ہڑتال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے صحافیون ، تاجروں ، ٹرانسپورٹروں اور شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرامن ہڑتال و احتجاج ہمارا حق اور جمہوریت کا حسن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پرامن ہڑتال پر نااہل حکومت کی طرف سے شیلنگ ، تشدد ، اور گرفتاریاں قابل مذمت ہیں ، کامیاب ہڑتال نے ثابت کردیا کہ عوام بدامنی کے خلاف اور امن و ترقی چاہتے ہیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام گرفتار رہنماوں و کارکنوں کو فوری رہا اور مقدمات ختم کیے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے پرامن منظم ذمہ داران نے ژوب سے گوادراور چمن سے کراچی تک ہڑتال کو کامیاب و پرامن بنانے میں اہم کردار ادا کیا ۔ بدامنی و لاقانونیت کے خلاف ہماری جدوجہد جاری رہے گی ۔ انہوں نے شٹرڈاؤن و پہیہ جام کو کامیاب بنانے پر جماعت اسلامی و دیگر جمہوریت پسند پارٹیوں کے ذمہ داران و کارکنان کومبارکباد دی ۔