کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ نے سیلاب کے اثرات کم کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کئے ہیں جبکہ یونیسیف کی بروقت معاونت متاثرہ کمیونٹیز کیلئے نہایت اہم ثابت ہوئی۔ یہ بات انھوں نے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسیف) کی نئی نمائندہ برائے پاکستان پرنیلے آئرنسائیڈ سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی مدت کے دوران صوبائی حکومت اور یونیسیف کے درمیان شراکت داری مزید مضبوط ہوگی۔ وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوئی ملاقات میں آغا واصف، رحیم شیخ اور یونیسیف کراچی کے چیف فیلڈ آفیسر پریم بہادر چند بھی شریک تھے۔ محترمہ آئرنسائیڈ نے سندھ حکومت کے ساتھ جاری اور آئندہ تعاون پر گفتگو کی۔ یونیسیف کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت مختلف شعبوں میں یونیسیف کے ساتھ خاص طور پر قدرتی آفات سے نمٹنے اور بنیادی خدمات کو بہتر بنانے کے حوالے سے اپنی "بہترین شراکت داری" کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔