کراچی ( طاہر عزیز۔۔اسٹاف رپورٹر) میئرکراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے وفاق کی جانب سے ایم کیو ایم پاکستان کے ارکان قومی اسمبلی کو ملنے والے 20ارب روپے کے ترقیاتی کام وفاقی ادارے پاکستان انفرا اسٹرکچر ڈولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ(پی آئی ڈی سی ایل ) کے ذریعے کرانے پر احتجاج کیا ہے اور کہا ہے کہ سندھ حکومت کو وفاق نے یقین دہانی کرائی تھی کہ صوبے میں کوئی کام بھی پی آئی ڈی سی ایل نہیں کرے گا میئر نے کہا کہ جماعت اسلامی کے ٹاون چیئر مین جان بوجھ کر کام نہیں کر رہےبارشوں کے بعد ان کی منافقت کو ایکسپوز کروں گاماضی میں کراچی سے دہشت گردی کو ختم کیا اب منافقت کو بھی ختم کریں گے انہوں نے کہا کہ تیز بارش کی صورت میں عوام فوری باہر نہ نکلیں بارش کے بعد پانی نکالنے میں دو سے ڈھائی گھنٹے لگیں گےعوام گھبرائیں نہیں ان کا وزیراعلیٰ اور میئر فیلڈ میں موجود ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر کر م اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان اور دیگر منتخب نمائندے بھی موجود تھے میئر نے کہا کہ ماضی میں متحدہ قومی مومنٹ کے دوست اعتراض کرتے تھے کہ کراچی میں کام اسلام آباد سے نہیں ہونا چاہیئےاب یہ کہتے ہیں کراچی کے ترقیاتی کام اسلام آباد سے ہوں بلدیہ ٹاون میں پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ نے ایک ارب روپے کی لاگت سے اسپورٹس کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھاہےلیکن رات کے اندھیرے میں وفاقی ادارے پی آئی ڈی سی ایل نے پانی کے پمپنگ اسٹیشن بنانے کے لئے اسے کھود ڈالا گراونڈ کے لیول کو خراب کیا ہم نے اس کام کو رکوا دیا ہےپی آئی ڈی سی ایل مادر پدر آزاد ادارہ نہیں ہے کام پر اعتراض نہیں ہےلیکن یہ ٹاون اور کے ایم سی کی مرضی کے بغیر کوئی کام نہیں ہونا چاہیے تا کہ ہم بعد میں اسے چیک بھی کر سکیں وزیراعظم سے کہوں گا کہ وہ پی آئی ڈی سی ایل کو ہدایت کریں کہ اجازت لے کر کام کریں انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنے سیاسی حریفوں کو نیچا دکھانے کے لئے شہر میں کام نہیں کر رہی ورنہ پیسے اور اختیارات ان کے پاس ہیں ۔