کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ نے میئر کراچی کی پریس کانفرنس پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کتنا ہی شور مچائیں جماعت اسلامی ان کا تعاقب کرتی رہے گی، مرتضیٰ وہاب کو جماعت اسلامی فوبیا ہوگیا ہے لگتاہے کہ وہ جماعت اسلامی کے ٹاؤن چئیرمینوں کی کارکردگی سے پریشانی کا شکار ہیں، ان کے زیر انتظام شہر کے انفرا اسٹرکچر کی تباہ حالی اور حالیہ بارشوں کے بعد شہر کی ابتر صورتحال ان کی بدترین نا اہلی و بد انتظامی کا کھلا ثبوت ہے، میئر کی بارش کے خوف سے ٹانگیں کانپ رہی ہیں، نالے صاف کرلیتے تو یہ جھوٹی وضاحتیں نہ کرنی پڑتیں، سندھ حکومت و میئر کی نا اہلی و کرپشن پہلے بھی کراچی کو بارش کے پانی میں ڈبو چکی ہے اور اب ایک بار پھر شہریوں کو اسی بدترین صورتحال کا سامنا ہے، مرتضیٰ وہاب کی جانب سے اپنی نا اہلی و ناقص کارکردگی کا اعتراف کرنے کے بجائے جماعت اسلامی کے بلدیاتی نمائندوں کو تنقید کا نشانہ بنانا چور مچائے شور کے مترادف ہے۔ سیف الدین ایڈوکیٹ نے کہا کہ حیرت ہے کہ مرتضیٰ وہاب کو کراچی کے 25میں سے صرف جماعت اسلامی کے 9ٹاؤن ہی کیوں نظر آتے ہیں جبکہ ان ٹاؤنز کو ترقیاتی فنڈز کے لیے ایک روپیہ تک نہیں دیا گیا وہ کے ایم سی کو ملنے والے اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز اور دیگر مدات میں ملی گرانٹ کا حساب دیں اور کراچی کے عوام کو یہ بتائیں کہ صرف 2سالوں میں نالوں کی صفائی کے لیے کے ایم سی کو ملنے والی 100کروڑ روپے کی رقم کہاں گئی؟ کیا یہ رقم بھی نالوں کی صفائی کے بجائے سندھ میں چلنے والے”سسٹم“ کی نذر ہو گئی۔