لاہور(خبرنگار) سیلاب متاثرین کو ریلیف پیکج دینے کے سلسلے میں ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید کی زیر صدارت پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس لاہور میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور متاثرین کو امداد فراہم کرنے کے فریم ورک کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ریلیف کمشنر نبیل جاوید نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں 12 ستمبر سے جامع سروے شروع کیا جائے گا جس میں اربن یونٹ، پاک فوج، ریونیو فیلڈ سٹاف، زراعت اور لائیو سٹاک محکموں کے نمائندے شریک ہوں گے، سروے میں جانی نقصان، فصلوں کی تباہی، متاثرہ مکانات اور لائیو سٹاک کے نقصانات کا مکمل ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ اب تک صوبے کے 4 ہزار 155 موضع جات میں 41 لاکھ 51 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں، سیلاب میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو فی کس 10 لاکھ روپے امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ تباہ شدہ پکے اور کچے گھروں کے مالکان کو بھی مالی امداد دی جائے گی۔