امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت نے ارلی وارننگ سسٹم پر کام کیا یوتا تو ایسے حالات نہ ہوتے، حکومت کو جو کردار ادا کرنا چاہیے تھا وہ ادا نہیں ہو رہا ہے۔
امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے لاہور کے علاقے چوہنگ میں قائم خیمہ بستی کا دورہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین اور ان کے بچوں کے لیے خیمہ بستی، اسکول اور پلے لینڈ بنایا ہے، گزشتہ روز شدید بارش کے باوجود یہاں بہترین خیمہ بستی بنائی گئی ہے۔
حافظ نعیم نے کہا کہ خواتین اور یوتھ ونگ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے متحرک ہیں۔
انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ناقص حکمت عملی کی وجہ سے اگلے سال پھر ہمیں ایسی صورت حال کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ حکومت نے ارلی وارننگ سسٹم پر کام کیا یوتا تو ایسے حالات نہ ہوتے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ ڈیمز بنائے گئے ہوتے تو حالات مختلف ہوتے اور قوم یہ تباہی نہ دیکھتی، بھاشا، مہمند ڈیم بروقت مکمل ہوں گے تو ایسی آفت سے نمٹا جاسکتا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اب آٹا مہنگا ہو چکا ہے، فصلیں تباہ ہو چکی ہیں، چاول اور گندم کی فصل کو بہت نقصان ہوا ہے۔