دبئی (عبدالماجد بھٹی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ ہمارے فاسٹ بولر جارحانہ انداز رکھتے ہیں اور بولروں کو اس سے نہیں روکوں گا۔ سہ ملکی سیریز میں ایک ٹیم کی طرح اچھا پرفارم کیا ، آگے بھی ایسا ہی کرنے کی کوشش کریں گے، کھلاڑیوں کو دبئی میں کھیلنے کا تجربہ ہے۔ وہ منگل کو ایشیا کپ کے آغا ز پر دیگر کپتانوں کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ سلمان علی آغا کا مزید کہنا تھا کہ سہ ملکی سیریز سے ایشیا کپ کی تیاری کا اچھا موقع ملا، پراعتماد اور ہر چیلنج کو قبول کرتے ہیں ۔ ہدف ہے کہ ہر میچ میں 100 فیصد پرفارم کیا جائے، گزشتہ 4 میں سے 3 سیریز جیتی ہیں، تاہم ایشیا کپ چیلنجنگ ہوگا لیکن ہم اس کیلئے تیار ہیں۔ یو اے ای میں کھیلنا ہمارے لیے ایڈوانٹج نہیں لیکن ہم کنڈیشن جانتے ہیں کیوں کہ یہاں پر ہم نے کافی پی ایس ایل میچز اور کرکٹ کھیلی ہے۔ اس موقع پر بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے کہا کہ پاک بھارت میچ میں جوش تو ہوتا ہے، ہم ہر میچ میں جارحانہ انداز ہی اپناتے ہیں۔ یہ آپ کو کس نے کہا کہ ہم فیورٹ ہیں۔ اس فارمیٹ میں کوئی بھی ٹیم غیر معمولی پرفارم کرسکتی ہے، ہم ٹی ٹوئنٹی کافی عرصے بعد کھیل رہے ہیں ، کوشش کررہے ہیں اچھا پرفارم کرسکیں۔ تمام ٹیمیں اچھی ہیں، سخت چیلنج ہوگا۔ افغانستان کے کپتان راشد خان نے کہا کہ ہمارے لیے ٹورنامنٹ اہم ہے، سو فیصد پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے، بڑے ٹورنامنٹس میں جیت کے خواہشمند ہیں۔ پریس کانفرنس میں ہانگ کانگ کے کپتان یاسم مرتضیٰ ، عمان کرکٹ ٹیم کے کپتان جتندر سنگھ اور بنگلہ دیشی کپتان لٹن داس نے بھی خطاب کیا ۔